لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے علامہ طاہر اشرفی کی چیئرمین متحدہ علماءبورڈ کے عہدے سے ہٹانے کے خلاف درخواست پر پنجاب حکومت سے 1 ہفتے میں جواب طلب کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں علامہ طاہر اشرفی کی چیئرمین متحدہ علماءبورڈ کے عہدے سے ہٹانے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی جس میں پنجاب حکومت، چیف سیکرٹری، محکمہ اوقاف اور حامد رضا کو فریق بنایا گیا ہے۔
دوران سماعت درخواست گزار طاہر اشرفی کے وکیل نے عدالت کے روبرو دلائل پیش کرتے ہوئے کہا کہ قانون میں چیئرمین علماءبورڈ کو مدت مکمل ہونے تک ہٹانے کی گنجائش نہیں جبکہ نئی تقرری کے نوٹیفکیشن میں بھی نہیں لکھا کہ کس قانون کے تحت یہ تبدیلی کی گئی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ نے طاہر اشرفی کی فوری حکم امتناعی جاری کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پنجاب حکومت کے وکیل آئندہ ہفتے تک بتائیں کہ کس قانون کے تحت یہ تقرری کی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ حافظ طاہر محمود اشرفی کو متحدہ علماءبورڈ پنجاب کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے اور ان کی جگہ صاحبزادہ حامد رضا کو تعینات کیا گیا ہے جس کے خلاف انہوں نے لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ مجھے 31 مارچ 2022ءکو دوبارہ 3 برس کیلئے چیئرمین متحدہ علماءبورڈ پنجاب تعینات کیا گیا تھا۔