نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ترقی یافتہ ممالک سے پاکستان کے لیے مدد کی اپیل کر دی ۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انتونیو گوتریس نے ترقی یافتہ ممالک ، عالمی مالیاتی اداروں اور کمپنیوں سے اپیل کی کہ وہ موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک کی مدد کے لیے آگے بڑھیں ۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک صحت ، تعلیم اور فلاح و بہبود کے منصوبوں پر سرمایہ کاری بڑھائیں اور عالمی سماجی تحفظ کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کریں ۔ یوکرین میں روس کی جنگ کے باعث عالمی خوراک کا بحران پیدا ہو گیا ہے ۔
اس سے قبل فرانس اور پاکستان کا تباہ کن سیلاب کے بعد معیشت کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے تعاون پر اتفاق ہوا ، فرانس سال کے اختتام تک ایک بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کرے گا جس کا مقصد پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی اور تعمیرنو میں حصہ ڈالنا ہے ۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون کے درمیان نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے موقع پر دوطرفہ ملاقات ہوئی ، دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں اس کی معیشت کو پائیدار بنیادوں پر بحال کرنے اور اس کی تعمیرنو میں مدد کے لیے بین الاقوامی حمایت کو متحرک کرنے پر اتفاق کیا ۔