مائیکل ایتھرٹن دورہ پاکستان ملتوی کرنے پر ای سی بی پر برس پڑے

11:36 PM, 21 Sep, 2021

لندن: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل ایتھرٹن دورہ پاکستان ملتوی کرنے پر ای سی بی پر برس پڑے۔ کہتے ہیں کورونا وبا عروج پر تھی اس وقت پاکستان ان ٹیموں میں شامل تھی جنہوں نے انگلینڈ کا دورہ کیا اور بورڈ کو مالی تباہی سے بچایا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مائیکل ایتھرٹن نے کہا ہے کہ انگلینڈ کا پاکستان کا دورہ ملتوی کرنا ایک غلط فیصلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان کا واجب الادا قرض اتارنے میں کوتاہی برتی ہے۔ دورہ منسوخ کرنے کی وجہ سیکیورٹی تھریٹ کو قرار دینا تو سمجھ آتا ہے لیکن کورونا کی وجہ سے کھلاڑیوں کی تھکاوٹ کا حوالہ دینا محض ایک بہانہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ای سی بی کو یاد رکھنا چاہئے تھا کہ گزشتہ موسم گرما کے دوران جب برطانیہ میں کورونا وبا عروج پر تھی اس وقت پاکستان ان ٹیموں میں شامل تھی جنہوں نے انگلینڈ کا دورہ کیا اور بورڈ کو مالی تباہی سے بچایا۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال پاکستان کی آمد کے وقت اس ملک میں کوویڈ کی شرح اموات دنیا میں تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ تھی جو پاکستان میں شرح سے 150 گنا زیادہ ہے۔

سابق انگلش کپتان نے کہا کہ پاکستان میں غصے کا احساس قابل فہم ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نئے چیئرمین رمیز راجہ پہلے ہی انگلینڈ کے اچانک انخلا سے سخت سبق سیکھنے کی بات کر چکے ہیں۔

دوسری جانب برطانوی صحافی جارج ڈوبل نے سیریز منسوخ کرنے کو دوہرا معیار قرار دیتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ جلد دوستوں سے محروم ہو جائے گا ۔

مزیدخبریں