ممبئی: بھارتی اداکارہ پائل گھوش تیزاب حملے میں بال بال بچ گئیں تاہم ڈنڈا بردار حملہ آورں کے ہاتھوں وہ معمولی زخمی ہوئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ان پر یہ حملہ ممبئی میں اس وقت ہوا جب وہ میڈیکل اسٹور سے کچھ دوا خرید کر واپس گھر جا رہی تھیں۔ پائل گھوش کا کہنا ہے کہ وہ اپنے گھر آرہی تھیں تو کچھ راہزنوں نے ان پر حملہ کر کے ان سے ان کی قیمتی چیزیں اور نقدی چھیننے کی کوشش کی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان افراد کے ہاتھ میں ایک بوتل تھی جس میں ممکنہ طور پر تیزاب موجود تھا جو وہ ان پر پھینکنے والے تھے۔پائل گھوش کا کہنا تھا کہ وہ ان کے حملے سے بال بال بچ کر گھر پہنچیں تاہم ان کے ہاتھ میں معمولی چوٹیں آئی ہیں۔
خیال رہے کہ پائل گھوش نے گزشتہ سال بالی ووڈ کے معروف ہدایت کار انوراگ کشیپ پر ہراسانی کا الزام عائد کیا تھا۔
بھارتی اداکارہ پائل گھوش کے مطابق چوٹ، تکلیف اور خوف کی وجہ سے وہ ساری رات سو نہیں سکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہی ہونے والے حملے کی ایف آئی آر درج کرائیں گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ پائل گھوش سے ممبئی پولیس کے اعلیٰ افسران نے گھر پہ جا کر ملاقات کی ہے اور ضروری درکار معلومات بھی حاصل کی ہیں۔
بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف ہدایتکار انوراگ کشیپ نے اداکارہ پائل گھوش کی جانب سے عائد کردہ تمام الزامات کی سختی سے تردید کی تھی۔
انوراگ کشیپ نے اس حوالے سے ممبئی پولیس کو اپنے وکیل کے توسط سے بتایا تھا کہ ہراسانی کی جو تاریخ اداکارہ کی جانب سے بتائی گئی ہے اس وقت وہ ملک میں نہیں تھے اور سری لنکا میں ایک فلم کی شوٹنگ کررہے تھے۔ انہوں نے ضمن میں ممبئی پولیس کو باقاعدہ دستایزی ثبوت بھی فراہم کیے تھے۔