اسلام آباد: شہباز شریف نے کہا اکستانی معیشت تباہ ہو چکی ہے اور بجٹ میں وزیرخزانہ نے کہا تھا کہ کوئی نیا ٹیکس نہیں لگائیں گے لیکن اس وقت مہنگائی کا طوفان ملک میں برپا ہے۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا پی آئی اے، اسٹیل مل کے ملازمین کو ہم نے بیروزگار نہیں کیا اور نااہل حکومت نے 3 سال میں 50 لاکھ لوگوں کو بیروزگار کر دیا جبکہ 50 لاکھ ملازمین اس وقت بھیک مانگنے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے کہا کہاں گئیں ایک کروڑ نوکریاں؟ اور اس وقت غریبوں کے گھروں میں چولہا ٹھنڈا ہو چکا ہے لیکن حکومت کے سر پر جوں تک نہیں رینگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی معیشت تباہ ہو چکی ہے اور بجٹ میں وزیرخزانہ نے کہا تھا کہ کوئی نیا ٹیکس نہیں لگائیں گے لیکن اس وقت مہنگائی کا طوفان ملک میں برپا ہے اور نااہل حکومت نے قرضے لے کر لوگوں کو مار دیا ہے اور ایک دھیلے کا بھی منصوبہ نہیں لگایا جبکہ ہمیں گلہ دینے والے پہلے خود اپنی کارکردگی دیکھیں ہمارے دور میں ملک میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو گیا لیکن اس نااہل حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ایک بار پھر ملک میں لوڈشیڈنگ شروع ہو چکی ہے۔
اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نیب نیازی گٹھ جوڑ کی پریس ریلیز جاری ہوئی ہے اور پریس ریلیز عمران خان کے حکم پر جاری کی گئی اور اس کا مقصد چیئرمین نیب کی ایکسٹینشن کی درخواست ہے جبکہ ہمیں بلیک میل کر کے چیئرمین نیب کو ایکسٹینشن نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے کہا آٹے کی 450 ارب کی چوری پر پریس ریلیز کیوں نہیں جاری ہوتی اور بنی گالہ کے غیر قانونی محل کو قانونی کرایا گیا اس پر پریس ریلیز نہیں آتی جبکہ ایل این جی کی 400 ارب روپے کی چوری نیب کو نظر نہیں آتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ 538 ارب روپے کی ریکوری کی تفصیلات کو پبلک کیا جائے اور اپوزیشن کیخلاف بے بنیاد الزامات کا سلسلہ جاری ہے اس کو بھی بند کیا جائے کیونکہ 3 سال میں دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکے ۔ نواز شریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا، موٹرویز بنائیں۔