کابل :امارات اسلامی افغانستان کے وزیر اعظم ملا محمد حسن اخوند سے تین بڑوں کی خصوصی ملاقات ہوئی جس میں پاکستان ،روس اور چین کے خصوصی نمائندے شامل تھے ۔
افغان میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امارات اسلامی افغانستان کے وزیراعظم ملا محمد حسن اخوند سے صدارتی محل میں پاکستان، روس اور چین کے خصوصی نمائندوں کی ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات میں وزیرخارجہ مولوی امیرخان متقی، وزیرخزانہ گل آغا اور دیگر بھی موجود تھے۔
واضح رہے گزشتہ روز افغانستان کے وزیراعظم حسن آخوند سے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے وفد نے ملاقات کی تھی ،افغان وزیر اعظم نے اہم مطالبات عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کے سامنے رکھے تھے ،عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے صحت کے شعبے میں افغانستان کی بھرپور مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر افغان وزیر اعظم نے کہاتھا کہ اگر صحت کے شعبے میں مدد نہ ملی تو افغانستان کے ہسپتال بند ہو جائیں گے۔ پچھلی حکومتوں میں کرپشن عام تھی کیونکہ عالمی برادری ان کی وسیع پیمانے پر مدد کر رہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان پر پابندیاں ختم کر کے مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کیے جائیں۔