اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا کیسزمیں کمی کے باعث لاہور، فیصل آباد،ملتان، سرگودھا،گجرات اور بنوں سے پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ کرلیا۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر سربراہ اسدعمرکی زیرصدارت این سی اوسی کااجلاس ہوا ، جس میں کوروناکیسزمیں کمی کے باعث لاہور، فیصل آباد،ملتان سے پابندی ہٹانے سمیت سرگودھا،گجرات اور بنوں سے بھی اضافی پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا۔
این سی اوسی نے کہا ملک بھر کیلئے عمومی کورونا پابندیاں 30 ستمبر تک نافذ رہیں گی اور این پی آئیز کا جائزہ 28 ستمبر 2021 کو این سی او سی میں ہو گا۔
این سی اوسی میں روزانہ کورونا پھیلاؤ اور صحت کے نظام کی نگرانی کی جا رہی ہے اور وبا کنٹرول کرنے کی ضرورت پیش آنے پر مناسب فیصلے کئے جائیں گے۔
وزارت صحت نے قومی سطح پر کورونا مثبت تناسب کے اعداد و شمار بھی جاری کیے ہیں۔ ملک بھر میں 13 ستمبر سے 19 ستمبر تک کورونا مثبت کیسز کی شرح4 فیصد سے 6 فیصد کے درمیان رہی۔ ملک بھر میں 35 فیصد وینٹیلیٹر کورونا مریضوں کے زیر استعمال ہیں۔ پاکستان کے پانچ شہر کورونا کے باعث ہائی الرٹ ہیں۔
فیصل آباد میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 10 اشاریہ 70 فیصد ہے۔ میرپور میں10 اشاریہ 19، حیدرآباد9 اشاریہ 90، مردان8 اشاریہ 42 اور مظفرآباد میں مثبت کیسز کی شرح 8 فیصد ہے۔ وزارت صحت نے پاکستان میں تصدیق شدہ کورونا ویکسین کی فہرست بھی جاری کر دی ہے۔
وزارت صحت کے مطابق پاکستان میں آٹھ قسم کی کورونا ویکسین استعمال کی جا رہی ہیں۔ پاکستان میں استعمال ہونے والی کورونا ویکسین میں سائنو ویک، سائنو فارم، ایسٹرازنکا اور موڈرنا شامل ہیں۔ فائزر، سپوتنک، پاک ویک اور کین سائنو کورونا ویکسین بھی پاکستان میں لوگوں کو لگائی جا رہی ہے۔
پاکستان میں استعمال ہونے والی 8 کورونا ویکسین میں سے چھ ڈبل ڈوز اور دو سنگل ڈوز ہیں۔ وزارت صحت کی جانب سے ڈبل ڈوز ویکسین کا دورانیہ 28 دن مختص کیا گیا ہے۔