وفاقی کابینہ کا ٹک ٹاک کو نہ کھولنے کا فیصلہ

04:06 PM, 21 Sep, 2021

اسلام آباد: ٹک ٹاکر کے لئے بُری خبر، وفاقی کابینہ نے وڈیو شیئرنگ ایپ پر پاپندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ 

وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں 21 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ کابینہ نے عدالتی فیصلوں اور احکامات کی روشنی میں وڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر پابندی سے متعلق معاملے پر غور کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ نے ٹک ٹاک پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ پی ٹی اے نے ٹک ٹاک پر پابندی عائد کر رکھی ہے اور ایپ پر پابندی کے خلاف درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی اے کو معاملہ وفاقی کابینہ میں رکھنے کا حکم دیا تھا۔

عدالت عالیہ نے اپنے تحریری فیصلے میں کہا تھا کہ پی ٹی اے ٹک ٹاک پر پابندی کا کوئی مناسب جواز پیش نہیں کر سکا جب یہ تسلیم شدہ حقیقت ہے کہ ایک فیصد افراد ٹک ٹاک کا غلط استعمال کر رہے ہیں تو سوشل میڈیا سائٹس پر پابندی حل نہیں۔ سوسائٹی میں تنزلی کی علامت کو سوشل میڈیا سائٹس پر موجود مواد سے نہیں ملایا جا سکتا، عالمی سطح پر ٹیکنالوجی کی غیر معمولی ترقی سوسائٹی میں بہت سے چیلنج سامنے لائی ہے۔

مزیدخبریں