لاہور: آزاد جموں وکشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چودھری کی 05 رکنی پارلیمانی وفد کے ہمراہ پنجاب اسمبلی آمد ، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے ملاقات ۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے صدر آزاد جموں و کشمیرکو پنجاب اسمبلی کے نئے ایوان اور مختلف شعبہ جات کا دورہ کر وایا ۔
تفصیلات کے مطابق ملاقات کے دوران چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے کوشاں ہے اور ہر فورم پر موثر انداز میں اس مسئلہ کو اجاگر کر رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیرکی موجودہ حکومت کشمیر کاز کو حل کرنے میں مد دگار ثابت ہو گی اور آزاد کشمیر میں ترقی و خوشحالی آئے گی ۔ ظلم اور جبر سے کشمیریوں کو ان کے حق آزادی سے محروم نہیں کیا جا سکتا ۔
بیرسٹر سلطان محمود چودھری کا پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کے فنگشنل ہونے پر مبارک باد اور ایوان کو قرآنی آیات اور احادیث مبارکہ سے مزین کرنے پر چودھری پرویز الٰہی کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو کچلنے کے لیے تاریخ انسانی کے تمام مظالم کو مات دے دی ہے ۔
آزاد جموں وکشمیر کے صدر نے کہا کہ صحت ، تعلیم اور دہشت گردی جیسے مسائل پر اجتماعی کوششوں سے ہی قابو پایا جا سکتا ہے ۔ کشمیری عوام بھارت کے پنجہء استبداد سے نجات حاصل کرنے کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں ۔ ظلم اور جبر سے کشمیریوں کو ان کے حق آزادی سے محروم نہیں کیا جا سکتا ۔