پاکستان کی عوام چین کے صدر کا خیر مقدم کرنے کی منتظر ہے، وزیراعظم

10:50 PM, 21 Sep, 2020

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام چینی صدر شی جن پنگ کا خیر مقدم کرنے کے منتظر ہے۔ یہ بات انہوں نے سفیر یاؤ جنگ کیساتھ ملاقات کے دوران کہی۔

پاکستان میں تعینات چینی سفیر یاؤجنگ نے وزیراعظم عمران خان سے الوداعی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے پاک چین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں ان کے کردار کی خوب تعریف کی ہے۔ 

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چینی قیادت نے اپنے ملک کی سماجی اور معاشی تبدیلی میں قابل ذکر کردار ادا کیا۔ چین کی معاشی ترقی اور غربت کے خاتمے کی مثال سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے۔

انہوں نے چین کے سفیر یاؤ جنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دور میں سی پیک دوسرے مرحلے میں داخل ہوا۔ اس مرحلے میں سماجی، اقتصادی ترقی، صنعتی اور زرعی ترقی پر توجہ دی جا رہی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کا دوسرا فیز علاقائی ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

ملاقات کے دوران بات کرتے ہوئے سفیر یاؤجنگ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا وژن پاکستان کی تبدیلی میں اہم کردار ہے۔ غربت کے خاتمے اور عوام کی ترقی پر وزیراعظم عمران خان کی ذاتی توجہ کی بدولت سی پیک دوسرے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ سی پیک پاکستان سمیت پورے خطے کے لوگوں کو بے پناہ فوائد فراہم کرے گا۔

چینی سفیر نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا پر پاکستان کی ‘’سمارٹ لاک ڈاؤن’’ کی پالیسی کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا گیا۔ کورونا وائرس کی دوسری لہر سے نمٹنے کے لئے اس آئیڈیا پر عمل کیا جا سکتا ہے۔

سفیر یاؤجنگ کا کہنا تھا کہ پاکستان سے اچھی یادیں لے کر جا رہا ہوں جبکہ پاکستان اور چین کے تعلقات کو مزید مستحکم دیکھنے کا خواہشمند ہوں۔ چین قومی ترقی اور مقاصد کے حصول میں پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔

مزیدخبریں