بزرگ خاتون سے بدسلوکی کرنیوالا پولیس اہلکار نوکری سے برطرف

01:23 PM, 21 Sep, 2019

لاہور: لاہور میں سینٹرل پولیس آفس کے باہر بزرگ خاتون سے بدسلوکی کرنے والے پولیس اہلکار کو نوکری سے برخاست کر دیا گیا۔آئی جی پنجاب نے محمد آصف کے رویے کے خلاف انکوائری کا حکم دیا تھا اور انکوائری رپورٹ میں پولیس اہلکار کو سخت سزا کی سفارش کی گئی جس کے بعد پولیس اہلکار کو پولیس کی نوکری سے نکال دیا گیا۔

آئی جی پنجاب عارف نواز کا کہنا ہے کہ شہریوں سے بدسلوکی کو برداشت نہیں کیا جا سکتا اور ایسے اہلکاروں کی پولیس میں کوئی جگہ نہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں پنجاب پولیس کے اہلکار کو آئی جی پنجاب کے پاس دادرسی کے لیے آنے والی ایک معمر خاتون سے بدسلوکی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو سامنے آنے کے بعد آئی جی پنجاب کے حکم پر  پولیس اہلکار کو برطرف کرتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا تھا۔

گزشتہ ماہ سے پنجاب پولیس کی جانب سے شہریوں اور ملزمان سے بدسلوکی کے متعدد واقعات سامنے آئے ہیں جن کی وجہ سے پنجاب پولیس کو سخت تنقید کا سامنا ہے۔

مزیدخبریں