اسلام آباد: پاکستان کو ایک مرتبہ پھر 2 سال کے لیے انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے بورڈ آف گورنرز کا رکن منتخب کرلیا گیا۔
ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ انتخاب آسٹریا کے شہر ویانا میں منعقدہ آئی اے ای اے کے ایک اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے چیئرمین محمد نعیم نے کی۔
ترجمان پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے مطابق پاکستان کا انتخاب سفارتی سطح پر ایک بڑی کامیابی اور جوہری ٹیکنالوجی کے پُرامن استعمال کے شعبے میں پاکستان کے نمایاں کردار کا بین الاقوامی سطح پر اعتراف ہے۔
واضح رہے کہ آئی اے ای اے کے 35 رکن ممالک میں سے 11 ارکان کو 2 سال کے عرصے کے لیے منتخب کیا جاتا ہے۔
انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی ایک عالمی تنظیم ہے جو جوہری توانائی کے پرامن استعمال اور ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری سمیت فوجی مقاصد کے لیے اس کے استعمال کو روکنے کی غرض سے قائم کیا گیا ہے۔
آئی اے ای اے کا ہیڈ کوارٹر آسٹریا کے شہر ویانا میں ہے جبکہ یہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور سیکیورٹی کونسل کو جوابدہ ہے۔