برطانیہ، یورپ، امریکا میں یوم عاشور، شہدائے کربلا کو خراج عقیدت

09:37 AM, 21 Sep, 2018

لندن: دنیا بھر میں شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔ غم حسین میں نوحہ خوانی، جلوس و مجالس کا اہتمام کیا گیا۔برطانیہ سمیت یورپ اور امریکا میں یوم عاشور پر شبیہ علم و تابوت اور ذوالجناح کے جلوس برآمد ہوا۔ ایران میں بھی یوم عاشور کے جلوس نکالے گئے۔ نائیجیریا، لبنان اور بنگلا دیش سمیت مختلف ملکوں میں بھی جلوس نکالے گئے۔

برطانیہ کے شہر برمنگھم میں عاشورہ کا مرکزی جلوس برآمد کیا گیا۔ شرکاء امام حسین ؓ کی شہادت اور اہل بیت پر ڈھائے گئے مظالم کے غم میں نوحہ خوانی اور ماتم کرتے رہے۔ شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے برمنگھم کی مساجد میں بھی تقاریب منعقد کی گئیں۔

نورتھمپٹن میں عاشورہ کا مرکزی جلوس امام بارگاہ دعائے زہرہ سے برآمد ہوا جہاں مجلس شام غریباں کا انعقاد بھی کیا گیا۔بریڈ فورڈ میں یوم عاشور انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ امام حسینؓ کی شہادت کے غم میں برآمد مرکزی جلوس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

مشرقی لندن میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس علاقہ فارسٹ گیٹ سے برآمد ہوا جس میں عزاداروں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔شہادت امام حسین ؓ کے غم میں اسکاٹ لینڈ میں بھی عاشورہ کا مرکزی جلوس برآمد کیا گیا۔

اہل بیت ؓپر یزیدی فوج کے مظالم کا ذکر نیدرلینڈ کی امام بارگاہوں میں بھی کیا گیا جہاں یوم عاشور کا مرکزی جلوس بھی برآمد کیا گیا۔

نبی ﷺ کے نواسےؓ کی شہادت کے غم میں مجالس کا سلسلہ یورپ بھر میں بھی جاری ہے جس میں امام عالی مقامؓ اور ان کے گھرانے پر یزیدی فوج کے مظالم کا ذکر کیا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں