لاہور: مایہ ناز سرچ انجن گوگل نے ملکہ ترنم نور جہاں کی 91ویں سالگرہ کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنا ڈوڈل ان سے منسوب کردیا۔
تفصیلات کے مطابق گوگل نے اپنے ڈوڈل پر میڈم نور جہاں کو ایک مخصوص انداز میں پیش کیا جس کو ہر پاکستانی انٹر نیٹ صارف دیکھ سکتا ہے۔ ملکہ ترنم نور جہاں کے نام سے پہچانی جانے والی اس عظیم گلوکارہ کا اصل نام اللہ رکھی وسائی تھا۔21 ستمبر 1926 کو قصور میں پیدا ہونے والی اللہ رکھی وسائی پانچ سال کی عمر میں ہی اسٹیج پر گیت گا کر سب کی توجہ کا مرکز بن گئی تھیں۔ نور جہاں بیک وقت گلوکارہ بھی تھیں اور صفِ اول کی اداکارہ بھی۔ ان کی تمام پنجابی فلمیں کلکتہ میں تیار کی گئی تھیں جبکہ 1938 میں وہ لاہور منتقل ہو گئیں۔ 1931 میں انہوں نے 11 خاموش فلموں میں بھی کام کیا۔
انہوں نے اردو کے علاوہ ہندی، پنجابی اور سندھی زبان میں بھی گلوکاری کی اور 10 ہزار کے قریب گانے ریکارڈ کروائے۔جب نور جہاں نے فیض صاحب کی مشہور نظم 'مجھ سے پہلی سی محبت میرے محبوب نہ مانگ' گائی تو ہر طرف بس اس نظم کے ہی چرچے ہونے لگے۔سریلی آواز اور خداداد صلاحیتوں کی مالک ملکہ ترنم دل کے عارضے میں مبتلا ہو کر 23 دسمبر 2000 کو اس دارِ فانی سے کوچ کر گئیں لیکن ان کے مشہور گانے کے بول کی طرح دنیا ا?ج بھی ان کے گیت گارہی ہے۔