وزیراعلیٰ شہبازشریف کےجنوبی پنجاب میں بڑے جلسے, لوگوں کے'' شیم شیم ''کے نعرے

07:55 PM, 21 Sep, 2017

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے جنوبی پنجاب کے 2اہم اضلاع ڈیرہ غازی خان اور مظفر گڑھ میں بڑے جلسوں سے خطاب کیاـ یہ جلسے ڈیرہ غازی خان او رمظفر گڑھ کی تاریخ کے بڑے جلسوں میں شمار ہوتے ہیں اور دونوں جلسوں میں عوام کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی  ـ  ڈیرہ غازی خان اور مظفر گڑھ کے جلسوں کے دوران مقررین نے اپنی تقاریر میں وزیراعلی شہبازشریف کے 2010ء کے سیلاب کے دوران جنوبی پنجاب کے عوام کے ساتھ دن رات وقت گزارنے اور ان کی بھر پور مدد کا ذکر کیا اور کہاکہ آج بھی جنوبی پنجاب کے عوام آپ کے ساتھ دلی لگاؤ رکھتے ہیں او رآپ سے محبت کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ ان جلسوں میں بہت بڑی تعداد میں شہری شریک ہوئے ہیں ـ

وزیراعلی نے دونوں جلسوں میں عوام کی بڑی تعداد میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا او رکہاکہ آپ کا جوش وخروش اور جذبہ دیکھ کر میری تھکن دور ہوگئی ہے او ر میں ڈیرہ غازی خان مظفر گڑھ او رجنوبی پنجاب کے دیگر شہروں کو لاہور ، گوجرانوالہ کی طرح ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا ۔ وزیراعلی نے پشاور میں ڈینگی کی وبا کے مشکل وقت میں اپنے صوبے کے عوام کو تنہا چھوڑنے پر عمران نیازی کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہاکہ ڈینگی کی وباء لاہور میں بھی آئی تھی لیکن ہم نے ایک ٹیم کے طور پر اس کا مقابلہ کیا اور اس پر قابو پایا لیکن پشاور میں ڈینگی کی وباء آئی تو خان صاحب عوام کا ساتھ دینے کی بجائے پہاڑوں پر چڑھ گئے جس پر جلسہ گاہ میں موجود لوگوں نے'' شیم شیم ''کے نعرے لگائےـ وزیراعلی کا ڈیرہ غازی خان اور مظفر گڑھ میں شاندار استقبال کیا گیا اور جلسہ گاہوں میں موجود مسلم لیگ (ن) کے کارکن اور عوام'' دیکھو دیکھو کون آیا ، شیر آیا ، شیر آیا'' او رشہبازشریف زندہ باد کے نعرے لگاتے رہےـ

مزیدخبریں