لندن:میانمار کے ایک گاوں طلاتولی کے مکینوں پر حملے سے پہلے اور اس کے بعد کی سیٹلائٹ تصاویر حال ہی میں منظرعام پر آئی ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق میانمار کی نوبل امن انعام یافتہ رہ نما آنگ سان سوچی روہنگیا مسلمانوں کے خلاف سکیورٹی فورسز اور انتہا پسند بدھ متوں کی انسانیت سوز کارروائیوں کا بدستور دفاع کرتی نظر آرہی ہیں۔
انھیں مسلمانوں سے تشدد آمیز سلوک پر کوئی ملال نہیں ہے بلکہ ان کا لب ولہجہ ایسا ہے جیسے کچھ ہوا ہی نہیں لیکن حال ہی میں خلائی سیارے سے لی گئی تصاویر نے برمی سکیورٹی فورسز کے مسلمانوں پر مظالم کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔میانمار کے ایک گاو¿ں طلا تولی کے مکینوں پر حملے کے بعد کی سیٹلائٹ تصاویر حال ہی میں منظرعام پر آئی ہیں۔
یہ تصویریں ان مظالم کی داستان خود بیان کررہی ہیں ۔برمی سکیورٹی فورسز نے پہلے اس گاو¿ں کے مکینوں پر حملہ کیا تھا اور پھر ان کے مکانوں کو نذر آتش کردیا تھا۔برمی فورسز نے 30 اگست کو اس گاوں پر حملہ کیا تھا اور دسیوں روہنگیا مسلمانوں کو بے دردی سے قتل کردیا تھا۔روہنگیا مسلمانوں نے اس کو ایک خونیں کارروائی قرار دیا ہے۔
اس رپورٹ میں عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ایک ضعیف العمر عورت کا پہلے گلا کاٹا گیا اور پھر اس کو جلا دیا گیا جبکہ فوجی شیرخوار بچوں اور کم سن لڑکوں کو نزدیک واقع دریا میں پھینک کر زندہ بہاتے رہے تھے۔