شمالی کوریا پر امریکی صدر سے واضح اختلاف ہے، جرمن چانسلرکاانکشاف

شمالی کوریا پر امریکی صدر سے واضح اختلاف ہے، جرمن چانسلرکاانکشاف

برلن:بڑی خبر،امریکا اور یورپ کے درمیان سخت اختلافات پیدا ہو گئے،جرمن چانسلر میرکل نے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ شمالی کوریا کے خلاف کسی بھی قسم کی فوجی کارروائی کے حق میں نہیں ہیں۔ اس مسئلے کو صرف اور صرف سفارتی طریقے سے ہی حل کیا جانا چاہیے۔جرمن اخبار کو انٹرویومیں انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی شمالی کوریا کے حوالے سے پالیسی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اورکہاکہ میں کسی بھی دھمکی کے خلاف ہوں میں یہ وفاقی حکومت کی طرف سے بھی کہہ رہی ہوں۔

ہم کسی بھی فوجی کارروائی کے خلاف ہیں، اسے نامناسب سمجھتے ہیں اور سفارتی کوششوں پر متفق ہیں۔ سفارتی کوششوں پر ہی مزید زور دیا جانا چاہیے۔ میری رائے میں پابندیاں اور ان پر عمل درآمد بالکل صحیح جواب ہے۔ لیکن شمالی کوریا کے خلاف کوئی بھی دوسری کارروائی غلط ہو گی۔ اس ضمن میں ہمارا اور امریکی صدر کا موقف ایک دوسرے سے مختلف ہے۔

جرمن چانسلر کا کہنا تھا کہ انہوں نے جنرل اسمبلی کی تقریر سے پہلے بھی امریکی صدر سے فون پر بات کرتے ہوئے اپنا موقف واضح کیا تھا۔ جرمن چانسلر نے ایک مرتبہ پھر کہا کہ جرمنی اس مسئلے کے سفارتی حل کے لیے اپنا کردار ادا کر سکتا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں