لاہور: یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے وائس چانسلر کی سفارش پر پاکستان کے وزیر داخلہ احسن اقبال کو اعزازی طور پر پی ایچ ڈی کی ڈگری جاری کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر فضل احمد خالد نے احسن اقبال کو اعزازی پی ایچ ڈی کی ڈگری دینے کا ایجنڈا سنڈیکیٹ میں دوبارہ پیش کیا جسے سنڈیکیٹ نے منظور کر لیا ہے۔ سنڈیکیٹ کے گزشتہ اجلاس میں احسن اقبال کو پی ایچ ڈی کی ڈگری دینے کی مخالفت کی گئی تھی۔
وائس چانسلر کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ احسن اقبال یو ای ٹی کے گریجویٹ ہیں اور اُنہوں نے ملکی ترقی کے لیے لازوال خدمات سرانجام دیں جس کی بناء پر اُنہیں پی ایچ ڈی کی ڈگری جاری کی جائے۔
یو ای ٹی کے آئندہ کانووکیشن کے اجلاس میں احسن اقبال کو پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری دی جائے گی۔ واضح رہے کہ یو ای ٹی اس سے قبل سترہ سال تک یونیورسٹی کے وائس چانسلر رہنے والے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد اکرم خاں کو بھی پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری کانووکیشن میں جاری کی تھی۔ یاد رہے کہ احسن اقبال یو ای ٹی میں دوران طالبعلمی اسلامی جمعیت طلباء کے پلیٹ فارم سے سٹوڈنٹ یونین کے صدر رہے تھے۔
یونیورسٹی اساتذہ نے احسن اقبال کو پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری دینے پر رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ اساتذہ کا موقف ہے کہ وائس چانسلر کا ٹینور ختم ہونے میں پندرہ مہینے باقی ہیں اور اُنہوں نے اپنا وائس چانسلر شپ کا دوسرا ٹینور حاصل کرنے کے لیے بطور رشوت احسن اقبال کو پی ایچ ڈی کی ڈگری کی منظوری حاصل کی ہے۔
اساتذہ نے سوال اٹھایا ہے کہ احسن اقبال نے قومی سطح پر ایسی کیا خدمات سر انجام دیں ہیں کہ اُنہیں عظیم ترین انجینئرنگ کے ادارے سے پی ایچ ڈی کی ڈگری دی جائے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں