ملکہ ترنم نور جہاں کی آج 91 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے

08:58 AM, 21 Sep, 2017

لاہور: معروف اداکارہ و گلو کارہ ملکہ ترنم نور جہاں کا 91واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے۔ ملکہ ترنم نور جہاں 21 ستمبر 1926 کو قصور میں پیدا ہوئیں۔ ان کا اصل نام اللہ وسائی جبکہ نور جہاں ان کا فلمی نام تھا۔

انہوں نے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز 1935 میں "پنڈ دی کڑی " سے کیا۔ 1957 میں انہیں شاندار پرفارمنس کے باعث صدارتی ایوارڈ تمغہ امتیاز اور بعد ازاں پرائیڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا گیا۔1965 کی جنگ میں ا نہوں نے میرے ڈھول سپاہیا، اے وطن کے سجیلے جوانوں، ایہہ پتر ہٹاں تے نئی وکدے، او ماہی چھیل چھبیلا، یہ ہواﺅں کے مسافر، رنگ لائے گا شہیدوں کا لہو، میرا سوہنا شہر قصور نیں سمیت بے شمار ملی نغمے گا کر قوم اور فوج کے جوش و ولولہ میں اضافہ کیا۔

ملکہ ترنم کے گائے ہوئے گانے فلموں کی کامیابی کی ضمانت سمجھے جاتے تھے۔ نورجہاں کا شمار ان فنکاروں میں ہوتا ہے جو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی پہچان بنے۔ نور جہاں کے اردو اور پنجابی میں گائے ہوئے گیت آج بھی کانوں میں رس گھولتے ہیں۔ وہ 23 دسمبر 2000 کو 74 برس کی عمر میں انتقال پا گئیں تھیں۔

ادھر میڈم نور جہاں کی 91 ویں سالگرہ کے موقع پر دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے ان کی فنی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے صفحہ اول پر ان کا ڈوڈل جاری کیا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں