اسلام آباد : پاکستان نے کلائمیٹ فنانسنگ کے لیے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے دوبارہ درخواست کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، وزیر خزانہ آئندہ سالانہ میٹنگز کے دوران آئی ایم ایف سے 2 ارب ڈالر کی کلائمیٹ فنانسنگ کی درخواست کریں گے۔ وزارت خزانہ نے اس حوالے سے تمام ورکنگ مکمل کر لی ہے، اور ایم ڈی آئی ایم ایف سے ملاقات کے دوران مزید تفصیلات پر بات چیت کی جائے گی۔
علاوہ ازیں، صدر عالمی بینک سے بھی موسمیاتی تبدیلی کے منصوبوں کی فنانسنگ کے لیے بات چیت کی جائے گی۔ اگر بات چیت کامیاب رہی تو پاکستان کو 2 ارب ڈالر تک کی فنانسنگ حاصل ہو سکتی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کی پہلی درخواست کو آئی ایم ایف نے فوری طور پر منظور نہیں کیا تھا، اور اب آئی ایم ایف حکام کے ساتھ قرض پروگرام کے بعد اہداف پر عملدرآمد کی ابتدائی رپورٹس کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
وزارت خزانہ کے ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ وزیر خزانہ، سیکرٹری خزانہ، اور سٹیٹ بینک کے حکام 26 اکتوبر تک سالانہ اجلاسوں میں شرکت کریں گے، اور وزیر خزانہ ہفتے کے اختتام تک آئی ایم ایف کی میٹنگز میں شرکت کے بعد واپس آئیں گے۔ یہ تمام اقدامات پاکستان کی موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی کوششوں کے لیے اہم ہیں۔