اسلام آباد:بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے سربراہ سردار اختر مینگل نے پارٹی کے دونوں سینیٹرز کو 26ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے پر استعفیٰ دینے کا حکم دیا ہے۔ سردار اختر مینگل نے سینیٹر نسیمہ احسان اور سینیٹر قاسم رونجھو کو فوراً مستعفی ہونے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ اگر کل تک استعفیٰ نہ دیا گیا تو انہیں پارٹی سے نکال دیا جائے گا۔
یہ اعلان سردار اختر مینگل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر کیا، جس میں انہوں نے پارٹی کے موقف کی وضاحت کی۔ یہ ردعمل اس وقت آیا جب چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں 26ویں آئینی ترمیمی بل کو دو تہائی اکثریت سے منظور کیا گیا۔ 65 سینیٹرز نے بل کے حق میں ووٹ دیا، جبکہ 4 نے اس کے خلاف ووٹ دیا تھا۔