لاہور : سابق وزیراعظم نواز شریف 4 سال بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ شاہی قلعہ میں ہیلی کاپٹر سے اترنے کے بعد سی سی پی او لاہور نے انہیں سیلوٹ کیا۔ وہ نماز کی ادائیگی کے بعد مینار پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کے طیارے نے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کیا جہاں اسحاق ڈار اور اعظم نذیر تارڑ نے پارٹی قائد کا استقبال کیا۔ سابق وزیراعظم کی وطن واپسی کے موقع پر ان کی قانونی ٹیم اسلام آباد ائیرپورٹ پر موجود تھی۔
ائیرپورٹ پر اسٹیٹ لاؤنج میں نواز شریف کی مسلم لیگ (ن) کی قانونی ٹیم سے مشاورت ہوئی جس کے بعد انہوں نے قانونی دستاویزات پر دستخط کیے۔
انہوں نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سزا کے خلاف اپیلیں بحال کرنے کی درخواست پر دستخط کیے، ان کا بائیو میٹرک سرٹیفکیٹ بھی لیاگیا۔
نواز شریف کی امیگریشن کے دوران ان کے ساتھ آنے والے مسافر طیارے پر رہے جبکہ نور اعوان اور ناصرجنجوعہ اسلام آباد ائیرپورٹ پر طیارے سے اترگئے۔
اسلام آباد ائیرپورٹ پرنوازشریف نے تقریباً دوگھنٹے قیام کیا۔ بعدازاں نواز شریف خصوصی پرواز پر لاہور پہنچے اور ہیلی کاپٹر سے جلسہ گاہ گئے جہاں کارکنوں نے ان کا استقبال کیا۔شاہی قلعہ میں انہوں نے نماز مغرب بھی ادا کی۔