نوازشریف کے استقبال کیلئے مینار پاکستان میں جلسے کی تیاریاں مکمل، کارکنوں کی قافلوں کی صورت میں آمد جاری

نوازشریف کے استقبال کیلئے مینار پاکستان میں جلسے کی تیاریاں مکمل، کارکنوں کی قافلوں کی صورت میں آمد جاری
سورس: File

لاہور: سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف کے چار سال بعد وطن واپسی پر  استقبال کے لیے مینار پاکستان میں جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔ پنڈال کو نوازشریف کی تصاویر اور پارٹی پرچموں سے سجا دیا گیا ہے۔

لاہور مینارِ پاکستان میں نواز شریف کے لیے سٹیج تیار کر لیا گیا ہے جبکہ  مینار پاکستان گراؤنڈ میں ایک لاکھ 30 ہزار 686 اسکوائر فٹ جگہ پر جلسے کے انتظامات کئے گئے ہیں، مسلم لیگ ن کی جانب سے 40 ہزار کرسیاں لگانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

گراؤنڈ میں لائٹس اور میوزک کے ساتھ ساتھ بڑی بڑی سکرینیں لگانے کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔

ملک بھر سے کارکنوں کی قافلوں کی صورت میں آمد جاری  ہے۔  سکھر والوں نے جلسے کیلئے سپیشل ٹرین چلا دی، خیبرپختونخوا سے ’’ امید پاکستان ‘‘ ٹرین کی روانگی ہوئی ہے جبکہ کلر کہار سے گاڑیوں کا قافلہ لاہور پہنچ گیا ہے۔

 بہاولپور، جہلم ، صادق آباد، پشاور، جہانیاں، کوئٹہ، حیدر آباد، دادو، ڈی آئی خان، میرپور خاص، مظفر آباد، گلگت بلتستان سمیت ملک بھر سے قافلے قائد کے استقبال کیلئے لاہور پہنچنے کا سلسلہ جاری ہے۔ 

متوالوں کا جوش وخروش بھی عروج پر ہے۔  لیگی کارکنوں کی جانب سے قائد کی آمد کی خوشی میں دھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور نواز شریف کے حق میں نعرے بازی کی جا رہی ہے۔

 دوسری جانب سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد  نواز شریف وطن واپسی کے لیے دبئی ائیرپورٹ پہنچ گئے۔ ان کا جہاز دبئی وقت کے مطابق ساڑھے9 بجے اڑان بھرے گا۔

 نواز شریف کے ساتھ پاکستان جانے والے لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد بھی دبئی میں موجود ہے۔نواز شریف کا چارٹرڈ طیارہ ساڑھے بارہ بجے اسلام آبادلینڈ کرے گا۔

اسلام آباد میں مختصر قیام کے بعد ڈیڑھ بجے وہ لاہور روانہ ہوں گے، طیارہ 2 بج کر 20 منٹ پر علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ اترے گا۔

نواز شریف لاہور ایئرپورٹ سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے شاہی قلعہ اتر کر مینار پاکستان پہنچیں گے۔

مصنف کے بارے میں