عمران خان رکن قومی اسمبلی کے ساتھ ساتھ پارٹی چیئرمین شپ کیلئے بھی نااہل ہوگئے: سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن 

10:33 PM, 21 Oct, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد عمران خان کیونکہ رکن قومی اسمبلی بننے کیلئے اہل نہیں رہے لہذا وہ پارٹی کے چیئرمین بھی نہیں رہ سکیں گے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کےفیصلے کے مطابق عمران خان موجودہ اسمبلیوں کی مدت ختم ہونے تک نااہل رہیں گے ۔ الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں لکھا ہے کہ عمران خان بدعنوانی کے بھی مرتکب ہوئے ہیں۔ 

کنور دلشاد کا کہنا تھا کہ اب الیکشن کمیشن عمران خان کے خلاف سیشن کورٹ میں مقدمہ درج کرائے گا اور عدالت کو حکم دے گا کہ 120 دن کے اندر فیصلہ کیا جائے ۔ عمران خان کو کرپٹ پریکٹسز ثابت ہونے پرتین سال قید یا جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔ 

  

انہوں نے کہا کہ اگر یہ سزا ہوگئی تو عمران خان 2023 کا الیکشن بھی نہیں لڑ سکیں گے اور نااہل ہوجائیں گے۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد عمران خان پارٹی چیئرمین کے طور پر بھی نااہل ہوگئے ہیں کیونکہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ثاقب نثار نواز شریف کے کیس میں قرار دے چکے ہیں کہ کیونکہ نواز شریف رکن قومی اسمبلی نہیں بن سکتے لہذا وہ پارٹی کے صدر بھی نہیں رہے۔ 

مزیدخبریں