عمران خان کی نااہلی، پی ٹی آئی کا مختلف شہروں میں شدید احتجاج، نظام زندگی معطل

03:34 PM, 21 Oct, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے مختلف شہروں میں احتجاج شروع کر دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، کراچی اور لاہور سمیت ملک کے دیگر شہروں میں پی ٹی آئی کارکنوں نے شدید احتجاج شروع کر دیا ہے اور مختلف شاہراہیں بند کر دی ہیں جس کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ 


ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے بہارہ کہو میں بڑی تعداد میں عوام کا احتجاج جاری ہے اور شدید نعرے بازی کی جا رہی ہے جبکہ لاہور میں کلمہ چوک میٹرو سٹیشن پر احتجاج کے باعث میٹرو بس سروس معطل ہو گئی ہے اور پی ٹی آئی ورکرز نے شاہدرہ چوک کو بھی ٹریفک کیلئے بند کر دیا ہے۔ 


ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور میں فیروز پور روڈ کو احتجاج کے دوران ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے جس کے باعث کینال روڈ پر بھی ٹریفک بلاک ہو چکی ہے اور سمن آباد چوک سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں بھی شدید احتجاج جاری ہے جبکہ شیخوپورہ میں سینکڑوں کارکنوں نے لاہور، سرگودھا روڈ کو بلاک کر دیا ہے۔ 


ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنماؤں نے کارکنوں کو فوری موٹروے ٹول پلازہ پہنچنے کی ہدایت کی ہے اور کارکنوں نے موٹروے انٹرچینج ایم ون کو بھی ٹریفک کیلئے بند کر دیا ہے جبکہ کراچی میں کورنگی سمیت مختلف علاقوں میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ 

مزیدخبریں