کابل میں زور دار دھماکا، پورے شہر کی بجلی بند

09:30 PM, 21 Oct, 2021

کابل : افغانستان کے دار الحکومت کابل میں زور دار دھماکا ہوا ہے۔ دھماکے کی وجہ سے پورے شہر کی بجلی بند ہوگئی ہے۔ 

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق دھماکے کے باعث شہر میں بجلی کی سپلائی مکمل طور پر بند ہوگئی ہے۔ دھماکے کی نوعیت کا ابھی تک پتا نہیں چل سکا۔ 

قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید سمیت اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ افغانستان کے دارالحکومت کابل پہنچے تو افغان نائب وزیراعظم ملا عبدالسلام حنفی نے ہوائی اڈے پر پاکستانی وفد کا خیرمقدم کیا۔

وزیر خارجہ  نے افغانستان کے عبوری وزیراعظم ملا حسن اخوند سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ امور، تجارتی و اقتصادی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر با ت چیت کی گئی۔ افغان عبوری حکومت کے وزیر خارجہ امیر خان متقی ، اعلیٰ عسکری قیادت اور پاکستانی وفد کے دیگر ارکان بھی اس موقع پرموجود تھے۔ 

شاہ محمودقریشی نے پُرخلوص میزبانی پر طالبان قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، افغان شہریوں کو معاشی بحران سے بچانے کیلئے پرعزم ہے، انسانی بنیادوں پر معاونت  جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہیں۔

وزیرخارجہ نے کہاکہ پاکستان، افغانستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت بڑھانے کا متمنی ہے۔ پاکستان، افغانستان کے قریبی ہمسایہ ممالک کے ساتھ مل کر خطے میں امن کیلئے پرعزم ہے۔ افغانستان کے نائب وزیراعظم کی جانب سے  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔

مزیدخبریں