اسلا م آباد:وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کی ممکنہ تاریخ سامنے آگئی ،وزیر اعظم کا اعلیٰ سطحی وفد کیساتھ 23 اکتوبر کو سعودی عرب جانے کا امکان ہے جہاں وہ مشرق وسطیٰ گرین انیشیٹو کانفرنس میں بھی شرکت کرینگے ۔
نمائندہ نیو نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ 23 اکتوبر کو سعودی عرب روانہ ہونگے جہاں سعودی قیادت سے اہم ملاقاتیں متوقع ہیں ،وزیر اعظم کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے دی گئی،پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے دعوت نامہ وزیر اعظم کو پہنچایاتھا۔
واضح رہے مشرق وسطی گرین انیشیٹو کانفرنس کا انعقاد 23 سے 25 اکتوبر تک سعودی عرب میں ہو گا۔کانفرنس میں متحدہ عرب امارات, بحرین سمیت دیگر عرب و افریقی ممالک شرکت کریں گے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب میں ماحولیات کے حوالے سے تعاون موجود ہے،پاکستان اور سعودی عرب نے ماضی میں بھی ٹڈی دل پر قابو پانے کے حوالے سے مل کر کام کیا تھا۔