دبئی: سابق آسٹریلین کرکٹر بریڈ ہوگ کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے میں 24 اکتوبر کو پاکستانی ٹیم کو بھارت کے ہاتھوں شکست ہوئی تو پھر سیمی فائنل میں رسائی کیلئے یہ مومینٹم حاصل نہیں کر پائے گی۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ میں تین روز باقی رہ گئے ہیں اور پوری دنیا میں شائقین کرکٹ بے صبری سے اس میچ کے منتظر ہیں تاہم اس سے قبل مختلف پیش گوئیوں، تبصروں اور تجزیوں کا سلسلہ بھی عروج پر پہنچ چکا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر پاکستانی ٹیم نے اپنی بہترین کرکٹ کھیلی تو بھارت کو شکست دیدے گی مگر دوسری جانب بہت سے ماہرین کا ماننا ہے کہ بھارت اس میچ کیلئے فیورٹ ہے۔
سابق آسٹریلین کرکٹر بریڈ ہوگ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اگر بھارتی ٹیم پاکستان کو شکست دینے میں کامیاب ہو گئی تو اسے سیمی فائنل میں پہنچنے سے بھی کوئی نہیں روک سکتا جبکہ پاکستان کیلئے سیمی فائنل میں پہنچنا بہت مشکل ہو جائے گا کیونکہ صرف ایک روز کے وقفے کے بعد ہی اسے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کھیلنا ہے اور بھارت کے ہاتھوں شکست کے باعث اس کیلئے کم بیک کرنا آسان نہیں ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ اگر پاکستانی ٹیم کو ویرات الیون کے ہاتھوں شکست ہوئی تو بہت کم وقفے کے بعد اسے نیوزی لینڈ سے نبردآزما ہونا ہو گا اور میرے خیال سے یہ میچ ہی مختصر فارمیٹ کے میگا ایونٹ میں پاکستانی ٹیم کی قسمت کا فیصلہ کرے گا۔ اگر پاکستانی ٹیم بھارت کے خلاف میچ جیت نہ سکی تو میرے خیال سے سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے مومینٹم حاصل نہیں کر سکے گی اور دوسری جانب بھارتی ٹیم باآسانی سیمی فائنل میں پہنچ جائے گی ۔