ترکی نے اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کا منصوبہ ناکام بنا دیا

ترکی نے اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کا منصوبہ ناکام بنا دیا
کیپشن: ترکی نے اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کا منصوبہ ناکام بنا دیا
سورس: فوٹو/سوشل میڈیا

انقرہ: ترکی کی نیشنل انٹیلی جنس آرگنائزیشن ( ایم آئی ٹی) نے آپریشن کر کے اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کا منصوبہ ناکام بنا کر اس کے 15 جاسوس بھی گرفتار کر لیے ہیں۔ 

ترکی کے مؤقر اخبار صباح کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے جاسوس 7 اکتوبر کو کیے جانے والے ایک خفیہ آپریشن کے ذریعے گرفتار کیے گئے ہیں اور آپریشن ترکی کے چار مختلف صوبوں میں بیک وقت کیا گیا تھا۔

ترکی کی انٹیلی جنس آرگنائزیشن نے اس آپریشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے ایک سال کا صبر آزما وقت گزارا۔ ترکی کی ایم آئی ٹی نے اس عرصے کے دوران اسرائیلی جاسوسوں کی انتہائی خفیہ طور پر نگرانی کی اور ان کے متعلق تفصیلی معلومات جمع کیں اور پھر تمام ثبوت و شواہد اکھٹے کرنے کے بعد کارروائی عمل میں لائی۔

اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے لیے کام کرنے والے گرفتار جاسوسوں پر الزام ہے کہ انہوں نے خفیہ ایجنسی موساد کو ترک شہریوں اوران غیر ملکیوں کی بابت تفصیلی معلومات فراہم کیں جو ملک میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

ابتدائی طور پر یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ موساد کے جاسوسوں کا زیادہ تر ہدف ان ممالک کے طلبا ہوتے تھے جو اسرائیل مخالف سمجھے جاتے ہیں۔ اس حوالے سے یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ موساد کے فیلڈ آفیسرز سے بیرون ملک ملاقاتوں کا بھی اہتمام کیا جاتا تھا۔ موساد کے لیے کام کرنے والے افراد کا اصل ہدف ایسے طلبا تھے جو آئندہ مستقبل میں دفاعی صنعت کے شعبوں میں کام کرنے کے خواہش مند تھے۔

روزنامہ صباح کے مطابق اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے لیے کام کرنے والے جاسوسوں کی ایک سال کے دوران بھرپور نگرانی کی گئی اور دیگر تمام ضروری طریقہ کار کے تحت مکمل معلومات حاصل کی گئیں۔

خیال رہے کہ ترکی کا شمار ان مسلم ممالک میں ہوتا ہے جن کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم ہیں۔