اسلام آباد: محکمہ صحت کے حکام نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں کورونا کی نئی قسم کے کیسز سامنے آ رہے ہیں۔ یہ نئی قسم کا وائرس انتہائی خطرناک اور متعدی ہے۔ کووڈ 19 پر تو پاکستان میں قابو پا لیا گیا ہے لیکن نیا وائرس پھیلنے کا شدید خطرہ ہے۔
اس اہم معاملے پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر جاوید اکرم نے بتایا کہ پاکستان میں کوروا وائرس کی انتہائی خطرناک قسم ’ایپسیلون‘ کا پتا لگایا گیا ہے۔ یہ وائرس سب سے پہلے امریکی ریاست کیلیفورنیا میں نمودار ہوا تھا، اس کے بعد یہ مسافروں یا دیگر ذرائع سے برطانیہ، یورپ اور دیگر ممالک تک پہنچا۔
ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ تشویشناک بات یہ ہے کہ اب ہمارے ملک میں بھی اس خطرناک وائرس کے کیسز سامنے آنا شروع ہو چکے ہیں۔ ایپسیلون نامی اس وائرس کی پانچ مختلف اقسام ہیں جس سے یہ بہت زیادہ متعدی ہو چکا ہے۔
How does a vaccine work and why is it important to be fully vaccinated in a pandemic? pic.twitter.com/yUPzkyyIaS
— Ministry of National Health Services, Pakistan (@nhsrcofficial) October 20, 2021
ان کا کہنا تھا کہ یہاں یہ بات سمجھنا ضروری ہے کہ ہم نے کووڈ 19 پر تو قابو پا لیا ہے لیکن اس کا ابھی تک خاتمہ مکمل طور پر ممکن نہیں ہو سکا ہے۔ اس لئے خطرہ بدستور موجود ہے کہ یہ موذی مرض دوبارہ پھیل جائے۔
ٹاسک فورس کے رکن کا کہنا تھا کہ ہم نے جین سیکوینسنگ سے چالیس افراد کے ایپسیلون میں مبتلا ہونے کا پتا چلایا ہے لیکن ہر مریض کی اس طرح سے ٹیسٹنگ نہیں کی جا سکتی اس لئے یہ اعدادوشمار مکمل نہیں ہیں، مریضوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔
تاہم انہوں نے کہا کہ مثبت چیز یہ ہے کہ تمام پاکستان میں موجود تمام کورونا ویکسینز وائرس کی اس نئی قسم ایپسیلون کیخلاف موثر ہیں، شہریوں کو چاہیے کہ وہ اس سے بچاؤ کیلئے لازمی حفاظتی ٹیکے لگوائیں۔