بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی جیل میں بیٹے سے پہلی ملاقات

11:35 AM, 21 Oct, 2021

ممبئی : بالی وڈ کنگ شاہ رخ  خان نے جیل میں قید بیٹے سے ملاقات کی ہے ۔ منشیات کیس میں گرفتار آریان خان کی جیل میں والد سے پہلی ملاقات تھی ۔

تفصیلات کے مطابق منشیات کیس میں گرفتار آریان خان  کی ضمانت کی درخواست مسترد ہونے کے بعد شاہ رخ خان  بیٹے سے ملنے ممبئی کی آرتھر جیل پہنچ گئے ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ جمعرات کی صبح پہلی باراپنے بیٹے سے ملنے کے لئے آرتھر روڈ جیل پہنچ گئے جہاں پر مداحوں کی بڑی تعداد نے ان کو گھیر لیا لیکن اس وقت شاہ رخ خان نے اپنے روائتی انداز میں مداحوں کی طرف نہیں دیکھا بلکہ وہ انتہائی سنجیدہ اور غمزدہ ہوکر جیل کے اندر چلے گئے ۔

شاہ رخ خان نے ملاقاتیوں کے سیکشن میں اپنے بیٹے سے 16 سے 18 منٹ تک ملاقات کی۔ دونوں کے درمیان شیشے کی دیوار تھی اور وہ انٹر کام کے ذریعے آپس میں بات کر رہے تھے۔ اس موقع پر جیل حکام بھی وہاں موجود تھے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ آج سے شروع ہونے والی کورونا گائیڈلائنز کے مطابق رشتے دار اور وکلا جیل میں قیدیوں سے ملاقات کرسکتے ہیں۔ 

یاد رہے کہ منشیات کیس میں گرفتاری کے بعد آریان خان کو جیل میں  18 دن ہوچکے ہیں ۔ اینٹی نارکوٹیکس کنٹرول ( این سی بی ) اور پولیس کی ٹیم نے ایک کروز پارٹی میں چھاپہ مار کر آریان خان اور دیگر نو افراد کو گرفتار کرلیا تھا جس کے بعد سے اب  تک ممبئی بھر میں کئی لوگوں کو شامل تفتیش کیا گیا ہے ۔

واضح رہے کہ  منشیات کیس میں گرفتار شاہ رخ کے بیٹے آریان کی درخواست ضمانت ممبئی کی خصوصی عدالت نے گزشتہ روزمسترد کردی تھی جس کے بعد آریان کے وکیل نے ضمانت کیلئے ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔

مزیدخبریں