لاہور میں ڈینگی کے وار جاری، 3 مریض ہلاک، 266 کیس رپورٹ  

11:31 AM, 21 Oct, 2021

لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور میں ڈینگی کے وار جاری ہیں۔ محکمہ صحت حکام کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر میں 3 مریضوں کا انتقال ہوا جبکہ 266 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔

محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے صورتحال کے پیش نظر پنجاب بھر میں ڈینگی سے بچاؤ کی سرگرمیاں تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ لاروا کو تلف کرنے اور افزائش روکنے کے لیے کارروائیاں تیز کر دی جائیں۔

اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے ڈینگی کے 371 مریض رپورٹ ہوئے۔ ان میں لاہور 266، راولپنڈی 35، اٹک، گوجرانوالہ اور سرگودھا سے 7، ننکانہ صاحب 6، بہاولپور، حافظ آباد اور اوکاڑہ سے 4، چکوال، قصور اور سیالکوٹ سے 3 کیس رپورٹ ہوئے۔

رواں سال پنجاب بھر سے اب تک ڈینگی کے کیسز کی تعداد 8,331 ہو چکی ہے جبکہ 24 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ اس وقت صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے 2,079 اور لاہور کے ہسپتالوں میں 1,161 مریض داخل ہیں۔

پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے لئے 4,555 بستر مختص کئے گئے ہیں۔ ڈینگی کے بڑھتے ہوئے کیسز کو مدنظر رکھتے ہوئے لاہور کے ٹیچنگ ہسپتالوں میں بھی بستروں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے۔

محکمہ صحت حکام کا کہنا ہے کہ عوام مون سون میں ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر ضرور اپنائیں اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ خصوصاً بارش کا پانی رہائشی علاقوں میں نہ جمع ہونے دیں۔

مزیدخبریں