خیبر پختونخوا حکومت کا 15 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ  

Khyber Pakhtunkhwa government decides to hold local elections on December 15
کیپشن: فائل فوٹو

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے 15 دسمبر کو صوبے بھر میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے، ان انتخابات کا انعقاد دو مراحل میں کرایا جائے گا۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن کو خط کے ذریعے اس فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مغربی سرحدوں پر امن وامان کے مسائل، حد بندی، فاٹا انضمام اور عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات کرانے میں تاخیر ہوئی تاہم اب خیبر پختونخوا حکومت ان کا انعقاد کرانا چاہتی ہے۔

صوبائی محکمہ بلدیات کے خط میں الیکشن کمیشن حکام کو انتخابی شیڈول دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ دو مراحل میں ان کا انعقاد کرایا جائے گا۔ 15 دسمبر کو نیبرہوڈ کونسل اور ویلج کے الیکشن ہونگے جبکہ آئندہ سال 25 مارچ کو چیئرمین تحصیل گورنمنٹ کا انتخاب ہوگا۔

اس خط میں الیکشن کمیشن سے درخواست کی گئی ہے کہ بلدیاتی الیکشن کیلئے انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے تمام انتظامات مکمل کئے جائیں تاکہ صاف اور شفاف طریقے سے یہ مراحل پایہ تکمیل کو پہنچیں۔

صوبائی حکومت کے ترجمان کامران بنگش کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم رواں سال دسمبر میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن بنائیں گے۔ اس حوالے سے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا گیا ہے۔