جوان اپنا فرض اخلاص اور جذبہ کیساتھ ادا کریں، آرمی چیف

09:01 PM, 21 Oct, 2020

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کے جوانوں اور افسروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پرعزم رہتے ہوئے اپنا فرض اخلاص اور جذبہ کیساتھ ادا کریں۔ ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار کی جانب سے جاری ٹویٹس میں بتایا گیا ہے کہ آرمی چیف نے یہ ہدایات لائن آف کنٹرول کے دورہ کے موقع پر دیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول پر چھمب سیکٹر کے اگلے مورچوں کا دورہ کیا۔ کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس نے چھمب سیکٹر میں آرمی چیف کا استقبال کیا۔

آرمی چیف کو بھارت کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں پر بریفنگ دی گئی۔ اب تک کی آپریشنل صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ پاک فوج کے سپہ سالار نے زبردست آپریشنل تیاریوں پر افسروں اور جوانوں کی تعریف کی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈر کانفرنس ہوئی جس میں قومی سلامتی اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔کانفرنس میں دہشتگردی کے واقعات میں حالیہ اضافے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کانفرنس میں قبائلی اضلاع اور بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات پر بھی خصوصی طور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ 

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہم نے امن و استحکام کے حصول کے لئے بڑی بھاری قیمت ادا کی ہے۔ ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کسی بھی کوشش کا بھرپور طریقے سے جواب دیں گے۔ کور کمانڈر کانفرنس میں سول اور ملٹری کے شہدا کی عظیم قربانی پر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ 

مزیدخبریں