کورونا دوبارہ سر اٹھا رہا ہے اور آئندہ 2 ہفتے توجہ طلب ہیں، ڈاکٹر فیصل سلطان

06:13 PM, 21 Oct, 2020

اسلام آباد: ملک بھر میں کرونا کے وار جاری۔ معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے وائرس سے مزید 19 اموات کو پریشان کن قرار دیا۔ کہتے ہیں کورونا دوبارہ سر اٹھا رہا ہے اور آئندہ 2 ہفتے توجہ طلب ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بزنس پوائنٹس پر کورونا سے بچاؤ کیلئے خصوصی توجہ کی ضرورت ہے اور عوام سے اپیل ہے ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے ایس او پیز پر عمل کریں۔ 

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ملک کے مختلف شہروں میں کورونا مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ ہمیں احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد کرنا ہو گا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں کسی حد تک ایس او پیز پر عمل درآمد ہو رہا ہے۔ تاہم عوام الناس سے درخواست کی کہ وہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں، سماجی فاصلے کا خیال کریں اور ماسک کا استعمال لازمی بنائیں اور رش والی جگہوں پر جانے سے اجتناب برتیں۔

واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث پاکستان میں مزید 19 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد چھ ہزار 692 ہو گئی ہے۔

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 660 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی تعداد 3 لاکھ 24 ہزار 744 تک پہنچ چکی ہے۔

ملک میں اس وقت کورونا کے 9 ہزار 378 مریض زیرعلاج ہیں جب کہ 3 لاکھ 8 ہزار 674 افراد اس موذی مرض کو شکست دے کر صحتیاب ہو چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق کورونا وائرس کے باعث پنجاب میں 2 ہزار 319، سندھ میں 2 ہزار 587، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 265، اسلام آباد میں 199، بلوچستان میں 148، ‏گلگت بلتستان میں 90 اور آزاد کشمیر میں 84 اموات ہو چکی ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں کورونا کیسزکی تعداد 18 ہزار 309 ہو گئی ہے۔ پنجاب ایک لاکھ ایک ہزار 936، سندھ میں ایک لاکھ 42 ہزار 348، خیبر پختونخوا میں 38 ہزار 779، بلوچستان میں 15 ہزار 717، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 91 اور آزاد کشمیر میں 3 ہزار 564 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

پاکستان کے 735 اسپتالوں میں کورونا مریضوں کے لیے سہولتیں موجود ہیں جب کہ مختلف اسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کے لیے دسیتاب وینٹی لیٹرز کی بھی تعداد ایک ہزار 920 ہے۔

مزیدخبریں