کمرے کا دروازہ توڑ کر کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری خلاف آئین ہے، رانا ثنااللہ

05:12 PM, 21 Oct, 2020

لاہور: مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کو کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کے واقعہ پر معذرت کرنی چاہیے۔ صرف انتقام اور نفرت کے لیے کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر کی دروازہ توڑ کر گرفتاری خلاف آئین ہے اور  یہ آئین کے آرٹیکل 14 کی خلاف ورزی ہے۔ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ ملک میں جو ہو رہا ہے سب دیکھ رہے ہیں۔ مزار قائد وفاق کے دائرہ اختیار میں آتا ہے اور حکومت اپنی فسطائی سوچ کے ذریعے انارکی پھیلا رہی ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا تھا کہ وزیر اعظم نے اداروں کو سیاست میں ملوث کر دیا۔ ن لیگی رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے پی ڈی ایم رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کراچی واقعہ ریکارڈ کا حصہ ہے اور صفدر کی گرفتاری سب کے سامنے ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی واقعہ پر وزیر اعظم کو چاہیے تھا کہ وہ وزیر اعلیٰ سندھ کو فون کرتے اور ان سے اس معاملے پر بات کرتے لیکن کیا گزشتہ دنوں سے وزیر اعظم نے ملکی معاملات پر کوئی بات کی۔ وزیر اعظم ملکی معاملات سے ناآشنا ہیں اور انہیں پرواہ ہی نہیں کہ ملک میں کیا ہو رہا ہے۔

پی ڈی ایم رہنما نے کہا کہ وفاق اور صوبے کے درمیان تعلقات کا کیا بنے گا۔ وفاق ملکی مسائل کے حل کے لیے کچھ نہیں کر رہا  صرف سازش کرنے سے کیا ملے گا۔ 

اس موقع پر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ وزیر اعظم سوچنے سمجھنے کی صلاحیت سے محروم ہو رہے ہیں اور ملک میں غیر یقینی کی صورتحال قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی واقعے سے ایسا لگا کہ وفاق خود اس میں ملوث ہے۔

اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بہروپیوں نے معیشت کی اینٹ سےاینٹ بجا دی ہے اور ان کا بیانیہ ملک دشمن کو خوش کرتا ہے کیونکہ اپوزیشن ملک دشمن بیانیے کو تقویت دے رہی ہے۔ انہوں نے بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان ہی لوگوں نے آپ کی والدہ کی تصاویر ہیلی کاپٹر سے پھینکی تھیں اب  احتساب کے خوف سے یہ سب اکٹھے ہو گئے۔

شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن نے خاتون اول کیخلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے اور شیشے کے گھروں میں رہنے والے دوسروں پر پتھر نہ پھینکیں۔ اپوزیشن بے یقینی اور بدامنی پھیلانا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے پولیس سمیت ہر ادارے کو استعمال کیا ہے اور بلاول بھٹو آج کل جن لوگوں سے بغل گیر ہو رہے ہیں ان لوگوں نے بلاول کے بڑوں کو بُرا بھلا کہا ہے۔ 

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ کراچی واقعے پر اپوزیشن نے جو کیا وہ پوری دنیا میں اس کا مذاق بن گیا۔ یہ لوگ اداروں کو آپس میں لڑانا چاہتے ہیں اور قوم ان لوگوں سے حساب لے گی۔ کرپشن کیسزسے بچنے کے لیے اس جنگ کو اداروں کی طرف جھونک دیا۔ کئی سالوں سے سندھ پر پیپلزپارٹی کی حکومت ہے لیکن لوگ وہاں بھوک کا شکار ہیں۔

مزیدخبریں