اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بہروپیوں نے معیشت کی اینٹ سےاینٹ بجا دی ہے اور ان کا بیانیہ ملک دشمن کو خوش کرتا ہے کیونکہ اپوزیشن ملک دشمن بیانیے کو تقویت دے رہی ہے۔
انہوں نے بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان ہی لوگوں نے آپ کی والدہ کی تصاویر ہیلی کاپٹر سے پھینکی تھیں:- احتساب کے خوف سے یہ سب اکٹھے ہو گئے۔
شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن نے خاتون اول کیخلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے اور شیشے کے گھروں میں رہنے والے دوسروں پر پتھر نہ پھینکیں۔ اپوزیشن بے یقینی اور بدامنی پھیلانا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے پولیس سمیت ہر ادارے کو استعمال کیا ہے اور بلاول بھٹو آج کل جن لوگوں سے بغل گیر ہو رہے ہیں ان لوگوں نے بلاول کے بڑوں کو بُرا بھلا کہا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ کراچی واقعے پر اپوزیشن نے جو کیا وہ پوری دنیا میں اس کا مذاق بن گیا۔ یہ لوگ اداروں کو آپس میں لڑانا چاہتے ہیں اور قوم ان لوگوں سے حساب لے گی۔ کرپشن کیسزسے بچنے کے لیے اس جنگ کو اداروں کی طرف جھونک دیا۔ کئی سالوں سے سندھ پر پیپلزپارٹی کی حکومت ہے لیکن لوگ وہاں بھوک کا شکار ہیں۔
شبلی فراز کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر اعوان نے مزار قائد پر جو ہلڑ بازی کی اس کو سیاسی بنا دیا گیا۔ بلاول صاحب آپ نے اپنی قومی پارٹی کو دیہات کی پارٹی بنا دیا اور آپ لوگوں نے اداروں کو تباہ کیا۔ پیسے لے کر لوگوں کو بھرتی کیا گیا اور اداروں کی تباہی کے ذمہ دار آپ ہیں۔
شبلی فراز نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ آپ لوگوں کے خلاف چوری کے کیسز ہیں ان کے جوابات دیں۔ یہ لوگ صرف کرپشن کیسز سے نجات چاہتے ہیں۔ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ان لوگوں سے نجات ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے 2 سال پہلے کہا تھا کہ یہ لوگ حکومت کے خلاف اکٹھے ہوں گے۔ اپوزیشن میں رہ کر ان لوگوں کا مقابلہ کیا تھا اب کیوں نہیں کریں گے۔ ان لوگوں نے حرام پر اپنے بچوں کی پرورش کی۔ اومنی گروپ کے اکاوَنٹس میں اربوں روپے آئے لیکن ابھی تک اس کا جواب نہیں دیا گیا۔