اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ کوئی شبہ ہی نہیں ہے کہ سندھ پولیس کے افسران بلاول ہاؤس کے اشارے پر چھٹی پر گئے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے ایک پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ اداروں کو نیچا دکھانے کی کوششیں اور سازشیں ناکام بنانی ہوں گی۔
فواد چودھری نے کہا کہ اگر پولیس افسران بلاول ہاؤس کے اشارے پر چھٹی پر نہ گئے ہوتے تو جب اومنی والوں کے سامنے لائن لگا کر کھڑے ہوتے تھے تو بھی اس طرح کا ردعمل ہوتا۔
انہوں نے تحریر کیا کہ پاکئی داماں کی یہ حکائیت آگے بڑھی تو معاملات کھلیں گے۔ دوسری جانب آئی جی سندھ مشتاق مہر نے اپنی رخصت کی درخواست آئندہ دس دنوں کے لیے واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
سندھ پولیس کے سربراہ آئی جی مشتاق مہر نے یہ فیصلہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے واقع کا نوٹس لینے اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے بعد کیا۔
آئی جی سندھ مشتاق مہر کی جانب سے تمام پولیس افسران کو بھی واضح طور پر احکامات دیے گئے ہیں کہ وسیع تر قومی مفاد میں آئندہ دس دنوں کے لیے چھٹیوں پر جانے کا فیصلہ مؤخر کردیں۔