کرکٹ کے سنسنی خیز مقابلے کیلئے نیا فارمیٹ،نئے قوانین 6بالوں کا روائتی اوور ختم

07:34 PM, 21 Oct, 2019

لندن:کرکٹ کے مو جد برطانیہ نے اس کھیل کو جدید اور سنسنی خیز بنانے کےلئے ایک نیا فارمیٹ متعارف کرا دیا ہے جسے ’دی ہنڈریڈ‘ کا نام دیا گیا ہے،اگلے سال 2020 میں شروع ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں برطانیہ کی ڈومیسٹک کی آٹھ ٹیمیں شریک ہوں گی۔

ان ٹیموں میں ٹرینٹ راکٹس، ساوتھرن بریو، ناتھرن سپر چارجرز، ویلش فائر، اوول انوینسیبلز، مانچسٹر اورجنلز، لندن اسپریٹس اور برمنگھم فینکس شامل ہیں۔تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں کی سیلیکشن کے لئے ڈرافٹنگ کا مرحلہ گزشتہ روز مکمل ہو چکا ہے، جس میں پاکستان کے تین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔قومی ٹیم کے مایہ ناز تیز گیند باز محمد عامر کو لندن اسپریٹس نے ایک لاکھ یورو میں اپنی ٹیم میں انتخاب کیا ہے۔ان کے علاوہ لیگ اسپنر شاداب خان کو 75 ہزار یورو میں ساوتھرن بریو جبکہ شاہین شاہ آفریدی 60 ہزار یورو میں برمنگھم فینکس نے خریدا ہے۔

خیال رہے ابتداءمیں ڈرافٹ کے لئے 35 پاکستانی کھلاڑیوں کے نام سامنے آئے تھے، جن میں شاہد خان آفریدی، قومی ٹیم کے نو منتخب ٹی ٹوئنٹی کپتان بابر اعظم، ویاب ریاض ، محمد حفیظ ، عماد وسیم سمیت دیگر بڑے نام شامل تھے۔دی ہنڈریڈ کے ڈرافٹ میں سب سے پہلے افغانستان کے کپتان راشد خان کا انتخاب کیا گیا، جبکہ یونیورسل باس کریس گیل کو کسی بھی ٹیم نے نہیں خریدا۔اس مختصر طرز کی کرکٹ میں چھ بالوں پر مشتمل روائتی اوور کو ختم کر کے سو گیندوں پر مشتمل دس اوورز کے میچز کا انعقاد کیا جائے گا۔میچ کے قوانین پر نظر دوڑائیں تو میچ کا دورانیہ 2 گھنٹے اور تیس منٹ تک کا ہو گا۔

100 گیندوں پر مشتمل میچ میں جو زیادہ رنز اسکور کرے گا وہ جیت کا حقدار قرار پائے گا۔ٹیم کے کپتان اس بات کا فیصلہ کرے گا کہ کس بالر نے پانچ گیندیں کرانی ہے یا دس گیندیں۔ہر بالر کو زیادہ سے زیادہ 20 گیندیں کرانے کی اجازت ہو گی۔میچ کے دوران ٹیم کو اجازت کو گی کہ وہ ڈھائی منٹ کا اسٹریٹجک ٹائم آو¿ٹ لے سکیں،ٹیموں کے کوچز کو بھی اس وقفے کے دوران گراو¿نڈ میں جا کر کھیل کی حکمت عملی پر بات کرنے کی اجازت ہو گی۔

25 گیندوں پر مشتمل ایک پاوور پلے لینے کی ٹیموں کو اجازت ہو گی جس کے دوران صرف دو کھلاڑی 30 یارڈ کے دائرے سے باہر کھڑے کئے جا سکتے ہیں۔اس نئے ایونٹ کا آغاز اگلے سال ہو گا جس کے میچز 17 جولائی سے لے کر 16 اگست تک برطانیہ کے مختلف شہروں میں کھیلیں جائیں گے۔

مزیدخبریں