لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع برنی کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ سیریز کے لئے سری لنکن کرکٹ بورڈ سے رابطے میں ہیں تاہم ان کی جانب سے ابھی تک کوئی گرین سگنل نہیں ملا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ سیریز سے متعلق خبریں مفروضوں پر مبنی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک کے مابین ٹیسٹ سیریز ہوگی یا نہیں، پی سی بی کو ابھی تک سری لنکن بورڈ کی جانب سے جواب کا انتظار ہے۔واضح رہے پی سی بی نے سری لنکن کرکٹ بورڈ کو دسمبر میں پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے کی دعوت دے رکھی ہے۔
سری لنکن ٹیم نے حال ہی میں پاکستان میں ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کھیلی تھی۔تین تین میچز پر مشتمل ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملے، ون ڈے سیریز کا پہلا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہوا جبکہ بقیہ دونوں میچ جیت کر قومی ٹیم نے سیریز اپنے نام کی۔
دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی سیریز میں سری لنکا کی نوجوان ٹیم نے عالمی نمبر ایک پاکستان کی ٹیم کو ان کے ہوم گرانڈ میں تین صفر سے ہرایا۔