لاہور : پاکستان کبڈی فیڈریشن کی انتخابی جنرل کونسل کا اجلاس پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں فیڈریشن کے عہدیداروں اور ارکان نے بھرپور شرکت کی اور چودھری شجاعت حسین پر بھرپور اظہار اعتماد کرتے ہوئے انہیں چیئرمین منتخب کر لیا جبکہ کبڈی کے فروغ و سرپرستی کیلئے چودھری شجاعت حسین کی گراں قدر خدمات پر ممبران کے اصرار پر ان کے بڑے صاحبزادے شافع حسین کو پاکستان کبڈی فیڈریشن کا صدر منتخب کیا گیا جبکہ سب نے اتفاق رائے سے چودھری سرور کو ہی بلامقابلہ سیکرٹری جنرل برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔
جنرل کونسل کے اجلاس میں پاکستان آرمی، نیوی، ایئرفورس، ریلوے، پولیس، ایس این جی پی ایل، واپڈا، ایچ ای سی، اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخواہ، سندھ، بلوچستان اور آزاد کشمیر کبڈی فیڈریشن کے عہدیداروں کے علاوہ سیکرٹری جنرل پاکستان اولمپکس محمد خالد محمود نے بھی شرکت کی۔ محمد خالد محمود کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کبڈی فیڈریشن کے چیئرمین کا عہدہ قبول کیا ہے۔
چودھری شجاعت حسین نے اس عزت افزائی پر کونسل کے تمام ارکان سے دلی طور پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ کونسل کے تمام ارکان اور فیڈریشن سے ملحقہ تنظیمیں اور ان کے عہدیدار نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی اس کھیل کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھیلوں کا فروغ پرامن پاکستان کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کبڈی کا کھیل شہروں کے علاوہ پاکستان کے ہر گاؤں میں مقبول کھیل ہے اس لیے ہمیں نوجوان نسل کو زیادہ سے زیادہ صحت مند کھیلوں کی جانب راغب کرنا چاہئے۔ فیڈریشن نے ایشین گیمز میں مقابلوں کی تیاری کیلئے نیشنل کبڈی ٹورنامنٹ منعقد کرانے اور ہر سال چیف آف نیول سٹاف کبڈی ٹورنامنٹ کے انعقاد کے فیصلوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے ملک بھر میں کبڈی کو مزید فروغ اور مقبولیت ملے گی.