چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کی سرکاری اداروں کو سیاسی سرگرمیوں سے دور رہنے کی ہدایت

09:38 PM, 21 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

پشاور: چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا نے پولیس اور دیگر تمام سرکاری اداروں کو واضح ہدایت دی ہے کہ وہ پیشہ ورانہ ذمہ داریوں میں غیرجانبدار رہیں اور کسی سیاسی سرگرمی کا حصہ نہ بنیں۔

سرکاری ملازمین کے لیے جاری کی جانے والی ہدایات میں چیف سیکریٹری نے کہا کہ سرکاری ملازمین کا اولین فرض ہے کہ وہ بلا خوف و خطر اپنے فرائض انجام دیں۔ انہوں نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے اصولوں کی پیروی کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ سرکاری اداروں کو سیاست سے دور رہ کر قانون کے مطابق کام کرنا چاہیے۔

چیف سیکریٹری نے مزید کہا کہ عوامی مفادات کے محافظ کے طور پر سرکاری ملازمین پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ قانون کی بالادستی کو یقینی بنائیں اور سیاسی دباؤ کے تحت اپنے اختیارات کا غلط استعمال نہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست کی طاقت آئین اور قانون میں ہے، نہ کہ کسی سیاسی جماعت یا رہنما میں۔

انہوں نے سرکاری ملازمین کو متنبہ کیا کہ اگر کسی نے اپنے عہدے یا اختیارات کا غلط استعمال کیا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ چیف سیکریٹری نے واضح کیا کہ سیاسی قیادت کے احکامات پر عمل صرف آئین و قانون کے دائرے میں کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے سرکاری ملازمین کو تاکید کی کہ وہ سیاست سے بالاتر ہو کر اپنے فرائض سرانجام دیں تاکہ عوام کا اعتماد بحال رہے اور ملازمین کا امیج متاثر نہ ہو۔

مزیدخبریں