اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر و سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو حکومت کے ساتھ مذاکرات سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی اس وقت حکومت کے ساتھ مذاکرات کر رہی ہے، نہ کہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ۔
فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی اور حکومت دونوں کی ٹیمیں نااہل ہیں اور ان کا مقابلہ یہ ہے کہ کون زیادہ نااہل ہے۔ ان کے مطابق، اب تک صورتحال برابر ہے۔
انہوں نے 24 نومبر کے احتجاج کو "پانی کا بلبلہ" قرار دیتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو نہ پہلے کچھ ملا تھا اور نہ ہی اب کوئی نتیجہ نکلے گا۔ واوڈا نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما اپنے بانی کے ساتھ بے ایمانی کر رہے ہیں اور ان کی رہائی کے لیے انہیں معاملات اپنے ہاتھ میں لینے ہوں گے اور ایک قدم پیچھے ہٹنا پڑے گا۔