اسلام آباد :وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ دھمکیاں دے کر مذاکرات کرنا ممکن نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ذاتی طور پر مذاکرات کے حق میں ہیں، تاہم دھمکیوں کے ذریعے بات چیت نہیں کی جا سکتی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ بیلا روس کا وفد اسلام آباد آ رہا ہے جسے سکیورٹی فراہم کرنا ضروری ہے، اور اس وجہ سے کسی بھی قسم کے جلسے یا جلوس کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم عدالت کے احکامات پر عملدرآمد کریں گے، چاہے وہ کسی بھی نوعیت کے ہوں۔
محسن نقوی نے سوال اٹھایا کہ خاص دنوں میں ہی کیوں احتجاج کیا جاتا ہے؟ اور کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مذاکرات تب ہوں گے جب کوئی ڈیڈ لائن دی جائے گی، لیکن اگر 24 نومبر کی دھمکیاں دی گئیں تو مذاکرات نہیں ہوں گے۔
اس موقع پر وزیر داخلہ نے کرم میں فائرنگ کے نتیجے میں 38 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ اگر لوگ اپنے صوبوں میں احتجاج کرنا چاہتے ہیں تو انہیں آزادی ہے، تاہم اسلام آباد میں کسی بھی قسم کا احتجاج برداشت نہیں کیا جائے گا۔