راولپنڈی: محکمہ داخلہ پنجاب نے 26 نومبر تک راولپنڈی، جہلم اور اٹک میں رینجرز کی تعیناتی کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے وفاقی وزارت داخلہ کو مراسلہ بھیجا ہے، جس میں راولپنڈی اور اٹک میں رینجرز کے دو، دو ونگز اور جہلم میں ایک کمپنی تعینات کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
مراسلے کے مطابق راولپنڈی اور اٹک میں رینجرز کی تعیناتی 22 نومبر سے شروع ہو کر تاحکم ثانی جاری رہے گی، جبکہ جہلم میں رینجرز کی تعیناتی 22 سے 27 نومبر تک کی جائے گی۔ یہ فیصلہ ضلعی انتظامیہ کی سفارش پر کیا گیا ہے اور راولپنڈی میں 26 نومبر تک دفعہ 144 نافذ ہے جس کے تحت پولیس کے چھاپے جاری ہیں۔