اسلام آباد: وفاقی وزارت داخلہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 24 نومبر کے احتجاج کے دوران سرکاری وسائل کے استعمال کو روکنے کے لیے خیبرپختونخوا کے چیف سیکرٹری کو ہدایت جاری کر دی ہے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 24 نومبر کے احتجاج میں کسی بھی صورت میں سرکاری مشینری، سرکاری ملازمین یا سرکاری وسائل کا استعمال نہ ہونے پائے۔ مراسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ احتجاج میں سرکاری پیسوں کی شمولیت بھی مکمل طور پر روکی جائے۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال دی ہے، جسے پارٹی نے "فائنل کال" قرار دیا ہے۔ پی ٹی آئی احتجاج کی تیاریوں میں مصروف ہے، جبکہ حکومت بھی اسلام آباد میں احتجاج روکنے کے لیے اپنے انتظامات کر رہی ہے۔ دوسری جانب، حکومت نے پی ٹی آئی کے احتجاجی مظاہرین کو سختی سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی تیار کرنا شروع کر دی ہے۔