کرم:خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع کرم کے علاقے لوئر کرم میں مسافر گاڑیوں پر مسلح افراد کی فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں 38 افراد جاں بحق اور 28 زخمی ہوگئے ہیں۔
جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ فائرنگ کے واقعات لوئر کرم کے دو مختلف مقامات پر ہوئے، جن میں متعدد افراد کو نشانہ بنایا گیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر پارا چنار اور مندوری ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں انہیں علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود نے فائرنگ کے ان واقعات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے کارروائی کی جا رہی ہے۔