منی پور میں بی جے پی کی قیادت میں این ڈی اے کے 27 ایم ایل ایز نے ریاست میں کوکی قبائل کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کا مطالبہ کیا ہے۔ ایم ایل ایز نے مودی حکومت سے مسلح افواج (خصوصی اختیارات) ایکٹ (AFSPA) کے نفاذ پر نظرثانی کی درخواست بھی کی ہے۔
ایم ایل ایز نے منی پور کے موجودہ بحران پر ایک قرارداد منظور کی، جس میں مطالبہ کیا گیا کہ کوکی قبائل کو سات دنوں کے اندر غیر قانونی تنظیم قرار دیا جائے۔ قرارداد میں مزید کہا گیا کہ منی پور کے معاملے کو قومی تحقیقاتی ایجنسی (NIA) کے حوالے کیا جائے اور ریاست میں فورسز کی تعداد بڑھا کر انہیں خصوصی اختیارات دیے جائیں تاکہ اس بحران کو جلدی کچلا جا سکے۔
سینئر کانگریس رہنما جے رام رمیش نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے کردار پر سوال اٹھایا اور کہا کہ مرکزی حکومت منی پور کے مسئلے پر خاموش ہے اور اس حوالے سے بات کرنے سے گریز کر رہی ہے۔
اس دوران، مودی حکومت نے ریاست منی پور میں کشیدہ صورتحال کے پیش نظر مزید 5 ہزار فوجی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔