طوفان ’بم‘ نے امریکہ اور کینیڈا میں تباہی مچادی، پانچ لاکھ افراد بجلی سے محروم

02:55 PM, 21 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

واشنگٹن: امریکہ کے شمال مغربی علاقے میں آنے والے شدید طوفان ’بم‘ نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، جس کے نتیجے میں پانچ لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہوگئے ہیں۔ طوفان کے دوران تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارشوں نے درختوں کو اکھاڑ دیا اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچایا، جس کی وجہ سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

طوفان میں دو افراد کی ہلاکت اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ سیئٹل کے قریب ایک درخت گرنے سے ایک خاتون ہلاک ہوگئی، جبکہ میپل ویلی میں درخت کے ٹریلر پر گرنے سے دو افراد زخمی ہوئے۔

مقامی حکام نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ گھروں میں رہیں کیونکہ گرنے والے درختوں اور بجلی کی لائنوں کی وجہ سے خطرات بڑھ گئے ہیں۔ طوفان کا اثر نہ صرف امریکہ بلکہ ہمسایہ ملک کینیڈا پر بھی پڑا ہے، جہاں بجلی کی فراہمی میں خلل اور بڑے پیمانے پر تعطل دیکھنے کو ملا۔

امریکی نیشنل ویدر سروس نے شمالی کیلیفورنیا اور جنوبی اوریگون میں ’جان لیوا سیلاب‘ کی وارننگ جاری کی ہے اور طوفان کی شدت میں اضافے کی پیش گوئی کی ہے۔ حکام کے مطابق، جمعہ تک کچھ علاقوں میں بارش 51 سینٹی میٹر تک پہنچنے کی توقع ہے۔

مزیدخبریں