اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ممکنہ احتجاج کو روکنے اور غیر قانونی قرار دینے کے لیے تاجروں نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
جناح سپر مارکیٹ کے صدر کی جانب سے دائر کی گئی اس درخواست میں وزارت داخلہ، چیف کمشنر، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ، آئی جی اسلام آباد اور پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کا احتجاج شہریوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے اور پرامن کاروبار کرنا ہر شہری کا حق ہے۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ احتجاج سے شہریوں کے روزمرہ کے کام متاثر ہو سکتے ہیں۔
عدالت سے درخواست کی گئی ہے کہ انتظامیہ کو ہدایت دی جائے کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کو غیر قانونی احتجاج سے روکا جائے تاکہ شہریوں کے حقوق کی حفاظت کی جا سکے۔